16 جولائی ، 2018
میرپورخاص میں ایک حلقے میں ماضی کے تین دوست اور تنظیمی ساتھی آج مختلف جماعتوں کےپلیٹ فارم سے ایک دوسرے کے خلاف انتخابی میدان میں اترے ہیں اور ایک دوسرے کےخلاف بھرپور انتخابی مہم چلارہے ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والےشبیر قائم خانی پاک سرزمین پارٹی، حق پرست کونسلر آفتاب قریشی تحریک انصاف اور ایم کیو ایم پاکستان کے ضلعی انچارج مجیب الحق حلقہ پی ایس 47 میرپورخاص پر ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔
تینوں امیدوار ماضی میں ناصرف تنظیمی ساتھی اور قریبی دوست تھے بلکہ ایم کیو ایم کی انتخابی سرگرمیوں میں بھی ایک ساتھ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے لیکن آج ان کی راہیں جدا ہیں اور اپنی اپنی کامیابی کے دعوے کررہے ہیں۔
سیاسی تجزیہ نگار میرپورخاص کے شہری علاقے پر مشتمل پی ایس- 47 کو بہت اہمیت دے رہے ہیں جہاں کل کے ساتھی نہ صرف آج سیاسی حریف ہیں بلکہ ان کی انتخابی مہم کا مرکز و محور بھی مشترکہ شہری علاقے اور نظریں کم و بیش ایک ہی ووٹ بینک پر ہیں۔