Time 05 اگست ، 2018
پاکستان

تحریک انصاف کا الیکشن کے روز آر ٹی ایس ناکام ہونے کی تحقیقات کا مطالبہ


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن نتائج کے روز رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) کا نظام ناکام ہونے کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق سینٹر اعظم سواتی نے آر ٹی ایس کی ناکامی کی وجوہات جاننے کے لئے توجہ دلاؤ نوٹس سینٹ سیکریٹریٹ میں جمع کروا دیاہے۔

توجہ دلاؤ نوٹس میں آر ٹی ایس سسٹم کی ناکامی کی وجوہات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ آر ٹی ایس سسٹم کی ناکامی کی ذمہ داری کا تعین کرکے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن کابینہ ڈویزن سے اس کی تحقیقات کا تحریری طور پر مطالبہ کر چکا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے معاملے کی انکوائری کے لیے کابینہ ڈویژن کو خط لکھا گیا جس میں خرابی کی انکوائری کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کی گئی۔

کابینہ ڈویژن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ انکوائری کمیٹی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور این ٹی آئی ایس بی کے تکنیکی ماہرین کو شامل کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کمیٹی میں آئی ٹی سیکیورٹی بورڈ اور پی ٹی اے کے ماہرین کو شامل کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔

خیال رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے روز الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائے گئے زرلٹ ٹرانسمیشن سسٹم میں خرابی آ گئی تھی۔

آر ٹی ایس میں خرابی کی وجہ سے انتخابی حلقوں کے نتائج میں گھنٹوں تاخیر ہوئی تھی۔

سیاسی جماعتوں کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا گیا جسے سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا تھا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کی جانب سے سیاسی جماعتوں کو آر ٹی ایس میں خرابی کی مکمل تحقیقات کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم ناکام کیوں ہوا ؟ پی ٹی آئی نے بھی تحقیقات کا مطالبہ کردیا،آر ٹی ایس کی ناکامی کی وجوہات جاننے کے لیے توجہ دلاؤ نوٹس سینیٹر اعظم سواتی نے سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرا دیا گیا، آر ٹی ایس کی ناکامی کے ذمے داروں کے تعین کا مطالبہ ۔

مزید خبریں :