06 اگست ، 2018
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تصدیق کی ہے کہ ہارون رشید کا تبادلہ کراچی کردیا گیا ہے لیکن وہ ڈائریکٹر کی حیثیت سے تھری ان ون ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈائریکٹر کرکٹ ہارون رشید کا پی سی بی ہیڈ کوارٹر سے کراچی تبادلہ کرکے انہیں مکمل طور پر نیشنل اسٹیڈیم کا انچارج بنادیا ہے۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ہارون رشید کراچی آکر سائیڈ لائن ہوگئے ہیں لیکن ان کی قابلیت اور تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے انہیں مزید با اختیار بنا دیا ہے۔
وہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہائی پرفارمنس سینٹر کا چارج بھی سنبھالیں گے اور نیشنل اسٹیڈیم کے تمام معاملات کو بھی کنٹرول کریں گے۔ اسٹیڈیم کے جنرل منیجر ارشد خان کئی سالوں سے کامیابی سے تمام معاملات چلا رہے تھے اب وہ بھی ہارون رشید کو رپورٹ کریں گے۔
ہارون رشید کراچی میں بیٹھ کر ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ مدثر نذر کو نہیں بلکہ چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کو رپورٹ کریں گے۔
پی سی بی کے ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے سابق ٹیسٹ اسپنر اور کراچی ہائی پر فارمنس سینٹر کے سابق ڈائریکٹر اقبال قاسم بھی کراچی میں کام کے دوران اختیارات مانگ رہے تھے لیکن اس وقت انہیں ہائی پرفارمنس سینٹر تک محدود کردیا گیا تھا جبکہ اسٹیڈیم کے تمام اختیارات ارشد خان کے پاس تھے۔ پی سی بی حکام کے رویے سے دلبرداشتہ اقبال قاسم کو اپنے عہدے سے استعفی دینا پڑا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی کے ہائی پرفارمنس میں ڈائریکٹر ساؤتھ کی نئی پوسٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور کراچی کی علاقائی کرکٹ اکیڈمی میں ڈائریکٹر ساؤتھ کی حیثیت سے سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید کی تقرری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہارون رشید ماضی میں پی سی بی میں ڈائریکٹر گیم اینڈ ڈیولپمنٹ سمیت کئی عہدوں پر کام کر چکے ہیں اور یہ عہدہ ملنے کے بعد وہ دوبارہ اپنے آبائی شہر کراچی آجائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں جاری ڈیڑھ ارب روپے کا ترقیاتی کام بھی ہارون رشید کی نگرانی میں ہوگا جبکہ ہائی پرفارمنس سینٹر کی دہری ذمے داری ملنے سے بورڈ کو ماہانہ پانچ لاکھ روپے کا فائدہ ہوگا۔
ہارون رشید اقبال قاسم کی خالی ہونے والی پوسٹ کو بھی پُر کریں گے اور انہیں کراچی اکیڈمی کو متحرک کرنے کا بھی ٹاسک دیا گیا ہے، کراچی اکیڈمی میں جدیم جمنازیم بھی بنایا جارہا ہے۔