پی آئی اے کے طیارے میں پرچم تھامے غیرملکی خاتون کے رقص کی ویڈیو وائرل


پی آئی اے کے طیارے میں پاکستانی پرچم تھامے غیر ملکی خاتون کی رقص کی ویڈیو وائر ہو گئی۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون پی آئی اے کے طیارے کے اندر اور باہر رن وے پر کی کی چینلج کی طرح رقص کر رہی ہے۔

طیارے میں خاتون کے رقص کی ویڈیو کے حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ویڈیو پارکنگ میں کھڑے طیارے میں فلمائی گئی لیکن اس سے ایئر لائن انتظامیہ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر ملکی خاتون کی رقص کی ویڈیو پی آئی اے کے پیج پر شیئر کی گئی تھی جو وائرل ہو گئی۔

قومی ایئر لائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خاتون کی رقص کی ویڈیو پی آئی اے کے پیج سے ہٹا دی گئی ہے۔

دوسری جانب نیب نے غیر ملکی خاتون کی قومی پرچم کی بے حرمتی کا نوٹس لے لیا ہے۔


نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی خاتون قومی پرچم کی بے حرمتی کرتے ہوئے رن وے اور جہاز تک کیسے پہنچی؟ قومی پرچم کی بےحرمتی کے ذمہ داروں کےخلاف کارروائی کی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی پرچم کی بےحرمتی کرنے والے سے رعایت نہیں کی جائے گی، پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو اور متعلقہ حکام کے خلاف ایکشن لیا جائےگا۔

بعد ازاں طیارے میں رقص کرنے والی خاتون نے اپنا نام ایوا ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ پی آئی اے کے طیارے میں کراچی سفر کرتے ہوئے وی لاگ کر رہی تھی۔

میرا مقصد مثبت پہلو کو اجاگر کرنا تھا، رقص کرنے والی خاتون  کا بیان

اس خاتون کا مزید کہنا تھا کہ کسی نے مجھے کی کی چیلنج کرنے کا مشورہ دیا، جس پر میں نے سوچا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے یہ موثر چیز ہو گی۔

ایوا کا کہنا تھا کہ اسے چند گھنٹوں کے دوران پاکستانیوں کی جانب سے بے پناہ محبت اور مثبت تبصرے موصول ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خاتون کا مزید کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کو میری یہ حرکت پسند نہیں آئی، اگر ایسا ہے تو میں اس پر معذرت چاہتی ہوں، میرا مقصد صرف مثبت پہلو کو اجاگر کرنا تھا۔

طیارے میں رقص کرنے والی خاتون کا کہنا تھا کہ میں پاکستان میں سیاحت کے فروغ کو اجاگر کرنے کے لیے اسی جذبے کے ساتھ کام کرتی رہوں گی۔

مزید خبریں :