22 اگست ، 2018
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی قوم قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔
وزیراعظم عمران خان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، کوئی بھی قوم ایثار و قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ قربانی کا مقصد خود کو رب کریم کے حکم کے تابع کرنا ہے، اس کا مقصد اپنی خواہشات و مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے لئے قربان کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سنت ابراہیمیؑ کا تقاضہ ہے کہ ہم زندگی کے ہر شعبے میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کریں، ہمیں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں معاشی طور پر پیچھے رہ جانے والوں کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔