28 اگست ، 2018
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے سے ہونے والا خرچہ گوگل پر سرچ کیا تھا لہذا آپ بھی گوگل کرکے دیکھ لیں پتہ چل جائے گا۔
گزشتہ دنوں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عمران خان روزانہ دو مرتبہ بنی گالہ سے وزیر اعظم ہاؤس ہیلی کاپٹر کے ذریعے آتے جاتے ہیں جس پر 3 لاکھ روپے خرچ آتا ہے۔
ایوان وزیراعظم سے بنی گالہ تک ہیلی کاپٹر کے روزمرہ استعمال پر تنقید کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گزشتہ روز ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ پی ایم ہاؤس سے بنی گالہ ہیلی کاپٹر کا فی کلومیٹر خرچہ 50 سے 55 روپے ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر نیا تنازع کھڑا ہو گیا اور ان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر آڑے ہاتھوں لیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات کے اس بیان پر طنز کیا جا رہا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس کی جس میں ان سے وزیر اعظم کے ہیلی کاپٹر کے خرچے سے متعلق سوال پوچھا گیا۔
اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے سے ہونے والا خرچہ گوگل کیا تھا لہذا آپ بھی گوگل کرکے دیکھ لیں پتہ چل جائے گا، عمران خان وزیر اعظم ہیں کیا وہ ٹیکسی پر بنی گالہ جائیں؟
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے ہیلی کاپٹر کا استعمال وی آئی پی کلچر نہیں، عمران خان وزیر اعظم پاکستان ہیں، یا تو وزیر اعظم سیکیورٹی کی گاڑیوں کے ساتھ بنی گالا جائیں یا پھر ہیلی کاپٹر پر۔