پاکستان
30 جولائی ، 2012

سندھ کے ضلعی الیکشن کے دفاتر میں نادرا سے کمپیوٹرائزڈ نئی اور تصحیح شدہ فہرستیں موصول

کراچی…سندھ میں ایک کروڑ 82 لاکھ سے زائد ووٹرز کی فہرستیں منگل کو تمام ضلعی الیکشن دفاتر میں عوام کیلئے آویزاں کی جائیں گی ،الیکشن کمیشن نے صوبے میں نئے شناختی کارڈ بننے والے ڈھائی لاکھ سے زائد ووٹرز کا بھی اندراج کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم نے 31 جولائی سے الیکٹرول لسٹیں آویزاں کرنے کا اعلان کیا تھا۔سندھ الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبے میں تمام ضلعی الیکشن افسران کے دفاتر میں نادرا سے کمپیوٹرائزڈ نئی اور تصحیح شدہ فہرستیں موصول ہوگئی ہیں جنہیں منگل سے آویزاں کیا جائے گا۔صوبے میں گزشتہ الیکٹرول فہرستوں میں سنگین غلطیاں پائی گئی تھیں اور سیاسی، مذہبی جماعتوں اور عوام کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھیں۔نادرا نے الیکشن کمیشن کی مدد سے فہرستوں میں خامیاں دور کرکے دوبارہ نمائش کیلئے تیار کردیا ہے۔سندھ میں ایک کروڑ 82 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کی فہرستیں تمام ضلعی الیکشن دفاتر میں 31 جولائی سے نمائش کیلئے رکھ دی جائیں گی۔صوبائی الیکشن کمیشن نے دولاکھ 60 ہزار سے زائد نئے شناختی کارڈ یافتہ ووٹروں کا اندراج بھی کیا ہے۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق الیکٹرول ایکٹ شق 18 کے تحت عوام متعلقہ دفاتر میں انتخابی شیڈول کے اعلان سے قبل تک تصحیح اور اندراج کے لئے رجوع کرسکتے ہیں۔

مزید خبریں :