30 جولائی ، 2012
بہالپور…پیپلزپارٹی کے بہاولنگر سے ایم این اے میاں افضل سندھو پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور نورا لیگ میں مک مکا ہوچکا ، الیکشن میں دونوں پارٹیاں اکٹھی ہوگئیں تو بھی سونامی کو نہیں روک سکیں گی۔ افضل سندھو کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقعے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دونوں بڑی جماعتیں نگران سیٹ اپ کے بعد انتہائی چھوٹی ہوجائیں گی،وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جن لوگوں کو ضیاء نہ توڑ سکا اور مشرف نہ موڑ سکا وہ پیپلز پارٹی چھوڑ کرتحریک انصاف میں شامل ہوگئے،افضل سندھو نے کہا کہ ان کا ضمیر ملامت کرتا رہا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ ہے اور وہ حکومتی جماعت میں بیٹھے ہیں،عمران خان نے کہا کہ دونوں بڑی پارٹیوں کے لوگ خوف کی وجہ سے ان کے ساتھ ہیں، میاں نواز شریف خود تو مقروض ہیں لیکن انکے ایک بیٹے کے اثاثے 50 ارب روپے کے ہیں۔