30 جولائی ، 2012
لاہور…امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ جعلی زرعی ادویہ کے خلاف موثر قانون سازی کرکے ہی کسانوں کو ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویہ کا سدباب کیے بغیر کاشتکاروں کی سرمایہ کاری کو نتیجہ خیز نہیں بنایا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ زرعی اجناس کی برآمدات سے قومی خزانے کو600ارب روپے کافائدہ حاصل ہورہا ہے۔ملک اس وقت شدید پانی کی قلت کا شکار ہے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ ملک میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر تنازعات کا شکار ہے اگر قومی اتفاق رائے سے یہ ڈیم بنایا جائے تو اس سے پاکستان کی مزید60ہزار ایکڑ زمین کو قابل کاشت بنایا جاسکتا ہے۔ارزاں نرخوں پر بجلی میسر ہوجائے گی۔