30 جولائی ، 2012
اسلام آباد…وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے 2005 میں تباہ ہونے کے بعد نیو بالاکوٹ سٹی کی تعمیر میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایرا اور خیبرپختونخوا حکومت کو اس منصوبے پر اختلافات 10 دن میں ختم کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت ایرا کی کاردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس اسلام آباد میں ہوا ۔ راجا پرویز اشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت 2005 کے زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے پرعزم ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ ایرا قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی امیدوں پر پورا اترے۔ اس سے پہلے وزیراعظم سے خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ریونیو شجاع سلیم خان نے ملاقات کی اور درخواست کی کہ سوئی گیس پائپ لائن ایبٹ آباد سے مانسہرہ تک بچھائی جائے۔ وزیراعظم نے اس منصوبے کی فوری طور پر منظوری دے دی جب کہ حسن ابدال سے ایبٹ آباد تک ایکسپریس وے منصوبے کی بھی منظوری دیتے ہوئے اس پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔