17 ستمبر ، 2018
بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی ایشیا کپ میں عدم شرکت کے باعث ایشین کرکٹ کونسل اور بھارتی کرکٹ بورڈ میں تصادم کی کیفیت ہے۔
ایشیا کپ 2018 کے براڈ کاسٹرز نے ویرات کوہلی کے نہ کھیلنے پر ایشین کرکٹ کونسل کو احتجاجی خط تحریر کیا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے ڈیو لپمنٹ منیجر پریرا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کوہلی کے نہ کھیلنے سے ہمیں مالی خسارہ ہوسکتا ہے،ہمیں بتایا گیا تھا کہ پندرہ روزہ ٹورنامنٹ میں تمام ٹیموں کے بہترین کھلاڑی شریک ہوں گے،کوہلی کا شرکت نہ کرنا ہمارے ساتھ ایشین کرکٹ کونسل کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو آرام دینے پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے ان کی عدم موجودگی سے ٹورنامنٹ کی آمدنی میں کمی ہوسکتی ہے۔
تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو کھرا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اے سی سی یا براڈ کاسٹر کسی قومی ٹیم کی سلیکشن پر اثر انداز نہیں ہوسکتے۔
بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ کسی کھلاڑی کو منتخب کرنا یا نہ کرنا ہمارا استحقاق ہے۔
بھارتی بورڈ کے سی ای او رواہول جوہری کا کہنا ہے کہ سلیکشن پر براڈ کاسٹر کسی ملک کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے۔
یاد رہے کہ انگلینڈکے 84دنوں پرمشتمل طویل دورے کے دوران بھارت نے 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی ہے جس میں کوہلی نے593رنز بنائےلیکن ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی سیریز کے لئے وہ آرام کررہے ہیں اور اس وقت ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔