ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا: شوبز ستاروں کی جانب سے بھی نیک تمناؤں کا اظہار

ایشا کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے سے قبل پاکستانی ستاروں نے ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے—.فائل فوٹو

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے ایشیاء کپ کے سلسلے میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت مد مقابل ہوں گے اور اپنی ٹیم کی جیت کے لیے پاکستان کی شوبز شخصیات بھی دعاگو ہیں۔

گلوکار عارف لوہار نے جیو نیوز سے گفتگو میں قومی کرکٹ ٹیم کو کامیابی کی دعا دیتے ہوئے کہا کہ ’ان کے لیے نیک تمنائیں ہیں کہ اللہ انہیں مزید کامیابیاں عطا کرے‘۔

گلوکار نے بڑے جوش و خروش سے ’پاکستان زندہ باد!‘ کا نعرہ بھی لگایا۔ 

اداکارہ رابی پیرزادہ نے بھی پاکستان ٹیم کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ ’پاکستان کے پاس یہ فائدہ ہے کہ بھارتی ٹیم میں ویرات کوہلی نہیں کھیل رہے اور روہت شرما کپتانی کر رہے ہیں، میں پُرامید ہوں کہ پاکستان کی ہی جیت ہوگی‘۔

مصنف اور اردو ادب میں نمایاں نام رکھنے والے انور مقصود نے بھی پیغام دیا کہ 'آج کے میچ میں ایک راز ہے اور وہ یہ ہے کہ آج پاکستان ہی جیتے گا‘۔

اداکار احسن خان نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ’ ہماری ٹیم ایک زبردست دھماکے والی ٹیم ہے، آج ایک شاندار مقابلہ ہونے جارہا ہے، میں دعا گو ہوں کہ اللہ انہیں جیت سے ہمکنار کرے‘۔

اداکار کا مزید کہنا تھا کہ ’نہ صرف قومی کرکٹ ٹیم کو پاکستان سے دعائیں مل رہی ہیں بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی ان کے لیے دعاگو ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ اچھی خبر سننے کو ملے گی جس کا ہمیں انتظار ہے‘۔

اداکارہ میرا نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’ میں پاکستانی ٹیم کے لیے دعاگو ہوں، ٹیم بہت اچھی ہے اور میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں‘۔ 



مزید خبریں :