Time 20 ستمبر ، 2018
کھیل

پاکستان ٹیم ایشیا کپ کا فائنل کھیلنا چاہتی ہے، شان مسعود


پاکستان کے ٹیسٹ اوپنر شان مسعود نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم ایشیا کپ کا فائنل کھیلنا چاہتی ہے، افغانستان کو کسی بھی طرح آسان حریف نہیں سمجھتے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے اسپنرز کی خاص طور پر بولنگ بہت اچھی ہے، افغانستان نے بھی ہماری طرح یہاں بہت ساری کرکٹ کھیلی ہے، گذشتہ سال سری لنکا نے ہمیں ٹف ٹائم دیا تھا لیکن اس بار افغانستان نے سری لنکا کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔

ایشیا کپ کے لیے منتخب پاکستانی اسکواڈ میں شامل شان مسعود نے کہا کہ ہمیں اندازہ تھا کہ ایک میچ جیت کر سپر فور میں جگہ بناسکتے ہیں لیکن اب ہمارے پاس مزید غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔

جمعرات کو آئی سی سی اکیڈمی میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ امارات کا گرم موسم ہماری کارکردگی پر اثر انداز نہیں ہورہا، ہم کئی سال سے یہاں آرہے ہیں اور گذشتہ سال سری لنکا کی سیریز میں ہم نے یہاں گرم ترین موسم میں سیریز کھیلی تھی، ہم چند دن پہلے یہاں آکر موسم سے ہم آہنگ ہوچکے تھے۔

شان مسعود نے کہا کہ امام الحق اور فخر زمان پاکستان کی جانب سے اوپننگ کے شعبے میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ امام نے ابتدائی دس میچوں میں چار ون ڈے سنچریاں بنائیں لیکن ہوسکتا ہے کہ بھارت کے خلاف پہلا میچ کھیلتے ہوئے وہ اپنے اعصاب پر قابو نہیں پاسکے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ امام الحق غیر معمولی صلاحیتوں کا مالک کھلاڑی ہے، پاکستان270 سے 280 رنز بناکرمیچ جیت سکتا تھا لیکن کریڈٹ بھارت کے بولرز کو جاتا ہے جنہوں نے ہمیں غلطیوں پر مجبور کیا۔

مزید خبریں :