Time 23 ستمبر ، 2018
پاکستان

وفاقی حکومت نے نئے بلدیاتی نظام کیلئے ڈرافٹ تیار کرلیا

وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے اضلاع میں انتظامی سربراہ مئیر جب کہ تحصیل کا سربراہ ڈپٹی میئر ہوگا جن کا انتخاب براہ راست کرنے کی تجویز ہے، تجویز۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: تحریک انصاف کی حکومت نے مقامی حکومتوں کا نیا نظام لانے کا فیصلہ کرلیا۔ 

وفاقی حکومت نے نئے مقامی حکومتوں کے نظام کا ڈرافٹ تیار کرلیا جس کے مطابق پہلے مرحلے میں وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے اضلاع میں انتظامی سربراہ مئیر جب کہ تحصیل کا سربراہ ڈپٹی میئر ہوگا جن کا انتخاب براہ راست کرنے کی تجویز ہے۔

نئے نظام کے تحت پولیس اور ضلعی انتظامیہ میئر کے ماتحت ہوگی اور ضلع کے مالی اختیارات بھی میئر کے پاس ہوں گے، ضلع کے پولیس اور انتظامی سربراہ کی کارکردگی رپورٹ لکھنے کا اختیار مئیر کو ہوگا۔

مقامی حکومتوں کے نئے مجوزہ نظام کے تحت پولیس، عدالتی محکموں، صحت و تعلیم کے شعبوں کے اختیارات بھی ضلعی حکومتوں کے پاس ہوں گے

صوبائی وزیراعلیٰ اور وزراء نئے مقامی حکومتوں کے نظام میں مداخلت نہیں کرسکیں گے اور ضلعی حکومتیں مالی طور پر خودمختار ہوں گی۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں مقامی حکومتوں کے نئے نظام پر اعلی سطح مشاورتی اجلاس آج لاہور میں طلب کیا گیا ہے اور مشاورت کے بعد نئی اصلاحات کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔ 

 ذرائع کے مطابق اتحادیوں کی ایک تجویز ناظم و نائب ناظم کے نام کو برقرار رکھنے کی بھی ہے۔ 

سندھ اور بلوچستان کے لیے نئے مقامی حکومتوں کے نظام پر مشاورت ابھی نہیں کی گئی، نیا نظام قومی و صوبائی اسمبلیوں سے منظور کرائے جانے کی تجویز تو ہے مگر صدارتی آرڈیننس کا آپشن بھی زیرغور ہے۔

مزید خبریں :