پاکستان

ارشد داد تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل مقرر



لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ارشد داد کو پارٹی کا مرکزی سیکریٹری جنرل مقرر کردیا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ جہانگیر ترین کے نااہل ہونے سے خالی ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق ارشد داد کا تعلق گجرات سے ہے اور وہ پیشے کے لحاظ سے انجینئر ہیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کیا گیا اعلامیہ—۔

ارشد داد پی ٹی آئی کے بانی اراکین میں شمار کیے جاتے ہیں اور الیکشن 2018 کے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر انہوں نے ریویو کمیٹی کے سربراہ کے طور بھی کام کیا تھا۔

وہ اس سے قبل پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل کے عہدے پر کام کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے دسمبر 2017 میں جہانگیر ترین کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیتے ہوئے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ انہوں نے اپنے بیان میں مشکوک ٹرمز استعمال کیں اور صحیح جواب نہ دینے پر انہیں ایماندار قرار نہیں دیا جاسکتا۔

بعدازاں گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کی نااہلی برقرار رکھتے ہوئے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست بھی مسترد کردی، جس کے بعد وہ پارلیمانی سیاست سے باہر ہوگئے اور کوئی بھی عوامی یا پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتے۔

مزید خبریں :