01 اکتوبر ، 2018
لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے کے مسائل بہت شدید ہیں، بیرون ملک پاکستانی ہمیں ٹرینوں کے آلات بطور تحفہ دیں۔
لاہور سے فیصل آباد کے لیے نان اسٹاپ ٹرین کا افتتاح کرتے ہوئے شیخ رشید نے قلیوں کا پرانا یونیفارم بحال کرنے کااعلان کیا اور کہا ہے کہ انہوں نے ابتدائی 100 دنوں میں 10 ٹرینیں چلانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے اور وہ اسے پورا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ریلوے میں مسافروں کی تعداد 5 کروڑ سے بڑھا کر 7 کروڑ تک لےجائیں گے اور مال گاڑیوں کی تعداد کو بھی 12 سے بڑھا کر 15 کریں گے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اکانومی کلاس کے کرایوں میں کمی کی جائے گی اور جو پہلے ٹکٹ لے گا اسے سستا جب کہ بعد میں لینےوالے کو مہنگا ملے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ اگر بھارت کو حقیقت میں شکست دینی ہے تو ریلوے کو مضبوط کرناہوگا اور ہم ریلوے کو ترقی دے کر بھارت کو شکست دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قوم ہمیں وقت دے، ہم قوم کےاعتماد پر پورا اترنےکی کوشش کریں گے۔
شیخ رشید نے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم سے کہا ہے کہ ریلوے ملازمین کو اے گریڈ ترقی دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی افسر یا وزیر کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا تاہم ریلوے افسروں کے غیر ضروری تبادلے نہیں کریں گے۔
انہوں نے دھند میں ٹرینیں چلانے کے لیے خصوصی آلات درآمد کرنے کا بھی اعلان کیا۔