31 جولائی ، 2012
لندن …پاسپورٹ اسکینڈل کے مرکزی کردار محمد علی اسد نے کہا ہے کہ انھوں نے ابھی تو صرف ٹریلر دکھایا ہے،پوری فلم تو باقی ہے، انتظار کررہا ہوں کہ رحما ن ملک کب میرے خلاف کارروائی کرتے ہیں۔لندن میں جیونیوز کے نمائندے مرتضیٰ علی شاہ کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد علی اسد نے کہا کہ پاکستان کے پاسپورٹ نظام میں کافی کرپشن ہے، پاسپورٹ نظام میں موجود کرپشن کے پول کھولنے کے لیے مزید ویڈیو ز جاری کرونگا۔ پاکستانی پاسپورٹ دفاتر میں گھپلوں کا انکشاف کرنے والے محمد علی اسد نے کہا کہ پاسپورٹ نظام کے غلطیوں سے پاک ہونے کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔پاکستان کے پاسپورٹ نظام کی غلطیوں سے دہشتگرد گروپ فائدہ اٹھارہے ہیں۔برطانوی اخبار کے لیے کام کرنے والے محمد علی اسدنے مزید کہا کہ میں ولن نہیں پاکستان کے پاسپورٹ نظام کو بہتر بنتا دیکھنا چاہتا ہوں۔انھوں نے کہا کہ سچ لکھنے پر ہمیں غدار کہا جار ہا ہے جوکہ غلط رویہ ہے۔اگر ایسا کرنا غداری ہے تو میں یہ کرتا رہونگا۔