Time 09 اکتوبر ، 2018
پاکستان

حکومت کا معاشی پالیسی پر عوام اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

وزیراعظم کا خود بھی ہر فورم پر حکومتی معاشی اصلاحات پر نکتہ نظر دینے کا فیصلہ، ذرائع۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے نئی معاشی پالیسی پر عوام اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، پارٹی رہنماؤں اور معاشی ماہرین نے شرکت کی۔

اجلاس میں حکومت کو درپیش معاشی چیلنجز کی نئی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئی ایم ایف سے قرض لینے، دوست ممالک سے تعاون اور سرمایہ کاری کے آپشنز کا جائزہ لیا گیا۔

معاشی ماہرین کی جانب سے حکومت کو معیشت کی بہتری کے آپشنز پر بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ معاشی ماہرین نے حکومت کو مشورہ دیا کہ کم عرصہ کے لیے آئی ایم ایف پروگرام لےکر حکومتی اخراجات کم کیے جائیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے معاشی حکمت عملی پر عوام کو تمام پہلوؤں پر اعتماد میں لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے منفی نتائج سےعوام کو آگاہ کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نئی معاشی پالیسی اور حکمت عملی پر پارلیمنٹ کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اجلاس میں حکومتی میڈیا ٹیم کی غیر مؤثر کارکردگی پر ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نئی حکومت کے چیلنجز ماضی کی حکومتوں سے کہیں سے زیادہ ہیں اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے خود بھی ہر فورم پر حکومتی معاشی اصلاحات پر نکتہ نظر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید خبریں :