11 اکتوبر ، 2018
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا۔
پاکستان کو آخری روز میچ جیتنے کے لیے 7 وکٹیں درکار تھیں تاہم آسٹریلوی ٹیم دفاعی انداز اپناتے ہوئے ٹیسٹ کو ڈرا کرانے میں کامیاب رہی۔
پاکستان کے 462 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے آخری روز 8 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے۔
عثمان خواجہ 141 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے، انہیں یاسر شاہ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
عثمان خواجہ کے بعد یاسر شاہ نے مچل اسٹارک اور پیٹر سڈل کو بھی جلد پویلین کی راہ دکھائی تاہم آسٹریلیا کے ٹم پین اور نیتھن لیون نے نویں وکٹ پر انتہائی دفاعی انداز اپنایا اور مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا۔
پانچویں اور آخری روز کا کھیلا شروع ہوا تو عثمان خواجہ 50 اور ٹریوس ہیڈ 34 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے 132 رنز کی شراکت قائم کی۔
ٹیم کا مجموعی اسکور 219 تک پہنچا تو ٹریوس ہیڈ 72 رنز بنا کر محمد حفیظ کا شکار بن گئے جس کے بعد آنے والے نئے بلے باز لیبسچگنی بھی 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
چھٹی وکٹ پر عثمان خواجہ اور کپتان ٹم پین نے محتاط بیٹنگ کی تاہم عثمان خواجہ 141 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد یاسر شاہ نے پیٹر سڈل اور مچل اسٹارک کو بھی ٹھکانے لگادیا، یکے بعد دیگرے تین وکٹیں حاصل کرنے کے باوجود پاکستان آسٹریلوی بیٹسمینوں پر دباؤ برقرار رکھ کر مزید دو وکٹیں حاصل نہ کرسکا اور یوں میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا۔
آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے سخت دباؤ کی صورتحال میں 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناقابل شکست لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے 4، محمد عباس نے 3 اور محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
محمد عباس نے میچ میں مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلوی بیٹسمین عثمان خواجہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں 482 رنز کا اچھا مجموعہ حاصل کیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ 126، حارث سہیل 110، اسد شفیق 80 اور امام الحق 76 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔
اس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 202 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ محمد عباس نے 4 اور بلال آصف نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ پاکستان نے آسٹریلیا کو فالو آن کرانے کے بجائے دوسری اننگز شروع کردی تھی۔
دوسری اننگز پاکستان نے 6 وکٹوں پر 181 رنز بناکر ڈکلیئر کردی تھی اور یوں آسٹریلیا کو جیت کے لیے 462 رنز کا ٹارگٹ ملا تھا۔
میچ کے آخری روز آسٹریلیا کو جیت کے لیے 326 رنز جبکہ پاکستان کو & وکٹیں درکار تھیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-0 سے برابر ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 16 اکتوبر سے ابوظہبی میں شروع ہوگا جس کے بعد تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔