Time 10 اکتوبر ، 2018
کھیل

اسپنر عبد الرحمان کا دلبرداشتہ ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ریٹائر منٹ کے فیصلے سے پی سی بی کو آگاہ کر دیا ہے اور یہ ایک آسان فیصلہ نہیں تھا، اسپنر عبدالرحمان — فوٹو: فائل 

‏لاہور: بائیں ہاتھ کے اسپنر عبدالرحمان نے دلبرداشتہ ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

عبدالرحمان نے 22 ٹیسٹ، 31 ون ڈے اور 8 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے جب کہ انہوں نے ٹیسٹ میں 99، ون ڈے میں 30 اور ٹی ٹوئنٹی میں 11 وکٹیں حاصل کیں ہیں۔

اسپنر نے پہلا ٹیسٹ 2007 اور پہلا ون ڈے 2006 میں کھیلا لیکن انہیں 2014 کے بعد سے کسی بھی فارمیٹ میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا ہے۔

عبد الرحمان نے ان حالات سے دلبرداشتہ ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ دل برداشتہ ہو کر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہورہا ہوں، ابھی کرکٹ کھیل سکتا ہوں، اس لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔

عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ انٹرنیشنل لیگز کا بھی حصہ بنوں، پاکستان کی نمائندگی کو ہمیشہ اعزاز سمجھا لیکن ٹیسٹ میں وکٹوں کی سنچری مکمل نہ کرنے کا افسوس ہے۔

عبدالرحمان نے کہا کہ انہوں نے ریٹائر منٹ کے فیصلے سے پی سی بی کو آگاہ کر دیا ہے اور یہ ایک آسان فیصلہ نہیں تھا، مصباح الحق اور شاہد آفریدی نے کیرئیر میں ان کی بڑی مدد کی۔

مزید خبریں :