11 اکتوبر ، 2018
کراچی: پاکستان میں 11 سال بعد انٹرنیشنل گالف کی واپسی ہوئی ہے اور 4 روزہ ایونٹ شہر قائد میں جاری ہے۔
چیف آف نیول اسٹاف اوپن ایشین ٹور گالف چیمپئین شپ 2018 کا انعقاد کراچی کے گالف کلب میں جاری ہے جس میں ملکی گالفرز کے علاوہ مختلف ممالک کی نمائندگی کرنے والے انٹر نیشنل گالفرز بھی حصہ لے رہے ہیں۔
ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح مہمان خصوصی عبداللہ حسین ہارون نے ربن کاٹ کر کیا، چیمپئن شپ 14 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
اس موقع پر پاکستان نیوی گالف (ساﺅتھ) کے پیٹرن کموڈور مشتاق احمد کا میڈیا بریفنگ کے دوران بتانا تھا کہ آخری مرتبہ ایشین ٹور گالف چیمپئین شپ کا انعقاد 2007 میں کراچی میں ہوا تھا اور گیارہ سال کے طویل عرصے بعد دوبارہ کراچی اس کی میزبانی کر رہا ہے۔
ایشین ٹور کے چیف آپریٹنگ آفیسر چو من تھنٹ، چیف ایگزیکٹو یو ایم اے سہیل شمس، قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں اور اسپانسرز کی بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن ایشین ٹور گالف چیمپئین شپ 2018 میں ایشین ٹور اور پاکستان گالف فیڈریشن کی پالیسی کے مطابق پروفیشنل کیٹیگری کے 4 روزہ مقابلے ہوں گے جن کی انعامی رقم 3 لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے۔
ہول ان ون کرنے والے پہلے گالفر کو ٹویوٹا فارچیونر SUV کار جبکہ دوسرے ہول ان ون پر سوزوکی 600 سی سی ہیوی بائیک بطور انعام دی جائے گی۔
چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن ایشین ٹور گالف چیمپئین شپ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تاثر اور پاکستانی قوم کو ایک پر امن اور کھیلوں کو پسند کرنے والی قوم کے طور پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔