Time 13 اکتوبر ، 2018
پاکستان

تحریک انصاف کے کراچی پیکج کا پروپوزل جیو نیوز نے حاصل کر لیا

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کراچی شہر کے لیے پیش کیے گئے خصوصی پیکج کا پرو پوزل جیو نیوز نے حاصل کر لیا۔

تحریک انصاف کی جانب سے کراچی کے لیے تجویز کردہ پیکج میں پہلی ترجیح شہر کے انفرا اسٹرکچر اور ماسٹر پلان کو دی گئی ہے جس کے لیے پانی، عوام کی تفریح کے لیے پارکس، ٹرانسپو رٹ اور گورنر ہاؤس میں تعمیرات کو اہمیت دی جائے گی۔

تحریک انصاف کے مجوزہ کراچی پیکج کے مطابق شہر میں صاف اور گندے پانی کو سمندر برد کرنے کے نظام کو بہتر بنانا، گندے پانی کو صاف بنانے کے لیے ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب اور سولڈ ویسٹ ری سائیکلنگ بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ کراچی پیکج میں صاف پانی کی فرا ہمی کے لیے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن، پپری پمپنگ اسٹیشن کی توسیع، کے فور، کے فائیو، حب ڈیم، سمندر کے کھارے پانی کو میٹھے میں تبدیل کرنے کے منصوبے سمیت مقامی آر او پلانٹس بھی تجویز کا حصہ ہیں۔

کراچی کے لیے خصوصی پیکج میں عوام کی تفریح کے لیے ہالاجی اور منچھر جھیل کو سیاحتی مقام بنانے اور کراچی چڑیا گھر، سفاری پارک، کیرتھر نیشنل پارک، کلری، ہالاجی لائن پر کام بھی شامل ہے۔

کراچی پیکج میں اربن فاریسٹ کی تعمیر بھی شامل ہے جب کہ ٹرانسپورٹ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے بس سروس اور کراچی سرکلر پیکیج میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ گورنر ہاؤس میں آرٹ اینڈ کلچر کمپلیکس کی تعمیر بھی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی کے لیے خصوصی پیکیج کا عندیہ دیا تھا۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے بھی ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات میں کراچی میں تجویز کردہ پلان پر عملدرآمد کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

مزید خبریں :