پاکستان
01 اگست ، 2012

لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج، مظاہرے

لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج، مظاہرے

لاہور/پشاور… بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے بدستور جاری ہیں۔ پشاور کے نواحی دیہات کے ہزاروں افراد نے سٹی سرکلر روڈ صبح سات بجے سے بلاک کر رکھی ہے۔ ارمڑ کے تین دیہات کے ہزاروں افراد صبح سٹی سرکلر روڈ پر جمع ہوگئے۔ مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کرکے اور ٹائر جلا کر روڈ کو بلاک کردیا اور احتجاج شروع کردیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے میں روزانہ بیس بیس گھنٹے بجلی بند رہتی ہے جس سے شدید گرمی میں پانی بھی ناپید ہوگیا ، کسی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔ تین گھنٹے سے زیادہ عرصے تک شہر کی مصروف شاہراہ بند ہونے کے باوجود مظاہرین سے مذاکرات کے لئے کوئی ذمہ دار فرد نہیں آیا۔ دوسری جانب مظاہرین نے لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ کوہاٹ میں پشاور چوک پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف وکلا اور شہریوں کا احتجاج جاری ہے۔ ادھر لاہور کے علاقے بند روڈ پر لوڈ شیڈنگ اور پانی کی بندش کے خلاف شہریوں کا احتجاج جاری ہے۔ گوجرانوالہ کی تحصیل علی پور چٹھہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے جبکہ خوشاب ،نورپور تھل میں مظاہرین نے جوہر آباد روڈ بلاک کردی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ چنیوٹ میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف فرنیچر مزدوروں نے احتجاج کیا جس کے باعث جھنگ روڈ پر ٹریفک معطل ہو گیا۔

مزید خبریں :