16 اکتوبر ، 2018
ابو ظہبی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بیٹنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے ہیں جس کے بعد ان کی کل کے میچ میں شرکت کے امکان کم ہیں۔
آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی گیند لگنے سے سرفراز احمد کی کلا ئی پر سوجن آگئی ہے لیکن درد کے باوجود سرفراز نے اُس وقت کھیل جاری رکھا اور وکٹ کیپنگ کرتے ہوئے ایک کیچ بھی لیا۔
تاہم اب امکان ہے کہ ان کی جگہ محمد رضوان وکٹ کیپنگ کر یں گے اور اسد شفیق کپتانی کریں گے۔
ابوظہبی ٹیسٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز نے بتایا کل اگر میں وکٹ کیپنگ نہ کر سکے تو “اے” ٹیم کے ساتھ موجود محمد رضوان کو ہم استعمال کریں گے۔
صحافی کے جواب میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اب ایسا ہو سکتا ہے اور حال ہی میں بھارت کے خلاف ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر زخمی ہوئے تو متبادل کیپر کو استعمال کیا گیا۔
گزشتہ سال کرکٹ قوانین میں تبدیلی کے بعد ایسا ممکن ہوا کہ اگر اصل وکٹ کیپر زخمی ہو جائے تو اس کی جگہ متبادل وکٹ کیپر ذمہ داریاں نبھا سکتا ہے۔
اس سال جب بھارت کی ٹیم جنوبی افریقا کے دورے پر تھی تو متبادل وکٹ کیپر دنیش کارتھک نے اصل وکٹ کیپر پارتھوی پٹیل کی انگلی زخمی ہونے کے سبب وکٹ کیپنگ گلوز سنبھال لئے تھے۔
سرفراز احمد اگر کھیل کے دوسرے روز وکٹ کیپنگ کے لئے دستیاب نہ ہوئے، تو محمد رضوان میچ ریفری رنجن مدوگالے فیلڈ امپائر رچرڈ النگورتھ اور ایس روی کی اجازت سے نئے قوانین کے مطابق وکٹ کیپنگ تو کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں راجیو گاندھی انڑنیشنل اسٹیڈیم حیدرآباد دکن میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن جب ویسٹ انڈین وکٹ کیپر شین ڈور رچ گھٹنے پر گیند لگنے کے سبب زخمی ہوئے، تو ان کی جگہ متبادل جامر ہیملٹن نے وکٹ کیپنگ ہی نہیں کی بلکہ دو کیچ بھی لئے تھے۔