اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ پھر مؤخر کردیا


اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ ایک مرتبہ پھر مؤخر کردیا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں آج ایک نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، جو بجلی مہنگی کرنے کی منظوری سے متعلق تھا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے بعد ای سی سی نے بجلی کی قیمتوں کے تعین کا معاملہ مؤخر کردیا اور اس سلسلے میں بدھ (24 اکتوبر) کو ای سی سی کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

اس سے قبل 25 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں بھی وفاقی حکومت نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس تک بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کردیا تھا۔

ذرائع کے مطابق حکومت بجلی کے نرخوں میں اضافہ دو قسطوں میں کرنا چاہتی ہے اور وزارت توانائی نے نیپرا سے بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 75 پیسے کا اضافہ دو قسطوں میں کرنےکی اجازت مانگی ہے تاہم نیپرا کے نئے ٹیرف کے بعد حکومت کو بجلی کے نرخ بڑھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیپرا کا موقف ہے کہ اس سے حکومت کی مالی مشکلات مزید بڑھیں گی اور بجلی کے نرخ بڑھانے کا اطلاق جب بھی ہوا، 17-2016 سے ہی ہوگا۔