Time 25 ستمبر ، 2018
پاکستان

حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ ایک ہفتے کیلئے مؤخر کردیا


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)  کے آئندہ اجلاس تک بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کردیا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں ایک ہفتے کیلئے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مؤخر کردیا گیا۔

کمیٹی نے آئندہ اجلاس تک بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا،اس حوالے سے اگلے ہفتے ہونے والے ای سی سی اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔

کمیٹی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) اور پاور ڈویژن کو آئندہ 3 سے 5 سال کے لیے پالیسی بنانے کی ہدایت کی جس سے بِلوں کی وصولی زیادہ سے زیادہ یقینی ہو۔ 

کمیٹی نے ہدایت کی کہ پالیسی میں لائن لاسز کم سے کم کرنے کا لائحہ عمل بھی بنایا جائے۔

کمیٹی نے گردشی قرضوں کی وصولی صارفین سے نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور حکومت اپنے وسائل سے قرضہ پورا کرے گی۔

یاد رہے کہ وزارت توانائی نے تجویز دی تھی کہ بجلی کے نرخوں میں کم سے کم دو جبکہ زیادہ سے زیادہ چار روپے اضافہ کیا جائے۔

اس سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کی قیمت میں 10 سے 143 فیصد تک اضافے کی منظوری دی تھی۔

مزید خبریں :