25 اکتوبر ، 2018
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف دوبارہ جیل جائیں گے اور 100 فیصد جائیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہل میٹل کیس کے حقائق سامنے ہیں، نواز شریف دبئی میں ایف زیڈ ای کپیٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کمپنی سے پیسے ہل میٹل کو دیے جاتے ہیں، پھر ایک ڈرائیور، ایک باورچی اور ایک گارڈ کے پاس آتے اور پھر 80 کروڑ روپے کی رقم اکٹھا ہوکر مریم نواز کے اکاؤنٹ میں چلی جاتی ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے انکشاف کیا کہ این آر او کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو ان سب کی طرف سے پیغامات آئے ہیں جن کے خلاف کیسز ہیں تاہم پیغامات بھیجنے والے افراد کے ناموں کے حوالے سے سینیئر صحافی حامد میر کے سوال کا جواب دینے سے وزیر اطلاعات نے گریز کیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف سابق صدر پرویزمشرف سے 10 سال کا معاہدہ کرکے باہرگئے، سعودی عرب میں شریف فیملی کا کوئی ذکربھی نہیں ہوتا۔