Time 26 اکتوبر ، 2018
کھیل

قائد اعظم ون ڈے کپ کا ناک آوٹ مرحلہ “جیو سوپر” پر براہ راست دیکھیں

— 

پاکستان کا ڈومیسٹک ون ڈے قائد اعظم کپ کا ناک آوٹ مرحلہ ہفتہ 27اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہورہا ہے۔

6ستمبر کو شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں 16ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا،دونوں گروپس کی چار چار سر فہرست ٹیموں نے کوارٹر فائنل کے لئے کوالی فائی کیا ہے۔

27اکتوبر کو پہلے کوارٹر فائنل میں نیشنل بینک کا مقابلہ واپڈا سے ہوگا،نیشنل بینک کی قیادت حماد اعظم کر رہے ہیں ،جب کہ بینک کی ٹیم کو آسڑیلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ڈیبیو کرنے والے بلال آصف اور میر حمزہ کی بھی خدمات حاصل ہوں گی۔

واپڈا کی قیادت سلمان بٹ کر رہے ہیں ،اس ٹیم میں وہاب ریاض ،محمد عرفان اور کامران اکمل بھی شامل ہیں ۔

28اکتوبر کو دوسرے کوارٹر میں سوئی سدرن گیس کا مقابلہ حبیب بینک سے ہوگا۔ 29اکتوبر کو تیسرے کوارٹر فائنل میں خان ریسرچ لیبارٹرز کے مقابلے پر ملتان ریجن کی ٹیم ہوگی۔

چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں 30اکتوبر کو پاکستان ٹیلی وژن کے سامنے اسلام آباد ریجن کی ٹیم ہوگی۔

قائد اعظم کپ کے سیمی فائنل یکم اور دو نومبر جب کہ فائنل 4نومبر کو منعقد ہوگا،ٹورنامنٹ میں ناک آوٹ مرحلے کے تمام میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گےاور پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل “ جیو سوپر” اسے براہ راست نشر کریگا،تمام میچ صبح نو بجے شروع ہوں گے۔

مزید خبریں :