01 اگست ، 2012
لاہور…لاہور کے بادامی باغ فروٹ منڈی میں ہونے والے دو دھماکوں کے نتیجے میں 23افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ان میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے اور اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذکرکے سینئر ڈاکٹروں کو طلب کرلیا گیا ہے۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ واقع کے بعد ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ پولیس حکام کو بھی فوری طورپر ڈیوٹی پر بلالیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ دھماکے فروٹ منڈی کے گیٹ اور ایک پارکنگ میں ہوا،یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ بم ایک ریڑھی کے نیچے نصب تھا۔ دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی اداروں نے ریسکیوکارروائی شروع کردی ہے اور زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کے ساتھ ساتھ علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔دھماکوں کے بعد شہر بھر میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔ اور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی شروع کردی گئی ہے۔جبکہ مساجد ،امام بارگاہوں اور تراویح کے مقامات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔دریں اثناء پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے دھماکوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور انھیں بہترین سے بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔