Time 01 نومبر ، 2018
کھیل

واپڈا نے قائد اعظم کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

واپڈا نے خان ریسرچ لیبارٹریز کو شکست دے کر قائد اعظم کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں قائد اعظم کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں واپڈا کے کپتان سلمان بٹ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

خان ریسرچ لیبارٹریز کے بیٹس مین واپڈا کے تجربے کار بولنگ اٹیک کے آگے ابتداء ہی سے مشکلات کا شکار دکھائی دئیے۔

ٹیسٹ فاسٹ بولر احسان عادل نے 29 رنز دے کر تین، محمد عرفان نے 16 رنز دے کر دو اور ذوالفقار بابر نے  رنز دے کر 32 وکٹیں لیں اور  خان ریسرچ لیبارٹریز کی ٹیم 43.2اوورز میں 164رنز تک محدود کر دیا۔ 

خان ریسرچ لیبارٹریز کے 24سال کے دائیں ہاتھ کے بیٹس مین محمد محسن 48رنز بناکر نمایا ں رہے۔

جواب میں واپڈا کی اننگز کا آغاز بھی متاثر کن نہ تھا اور ٹیسٹ وکٹ کیپر کامران اکمل اور رفعت اللہ مہمند جلد پویلین لوٹ گئے۔

قائد اعظم کپ کے بہترین بیٹس مین سلمان بٹ 21 رنز بنا سکے ،البتہ بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹس مین ایاز تصور کے 82گیندوں پر 5چوکوں کے ساتھ 50رنز کی بدولت واپڈا نے ہدف 37.1اوورز میں 5وکٹ پر حاصل کر کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ 

ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل حبیب بینک اور پاکستان ٹیلی وژن کی ٹیموں کے درمیان جمعہ 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ 

فاتح ٹیم 4نومبر کو قذافی اسٹیڈیم میں واپڈا کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔ 

قائد اعظم کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل کے علاوہ فائنل پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :