کپتان سرفراز احمد کا آؤٹ آف فارم فخر زمان پر مکمل اعتماد کا اظہار

کھلاڑی کے کریئر میں اس قسم کے اتار چڑھاؤ آتے ہیں، ہمیں نہیں بھولنا چاہیے کہ دورہ زمبابوے میں فخر نے شاندار کھیل پیش کیا تھا، سرفراز احمد— فوٹو: فائل

پاکستان کر کٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے باقی دو میچوں میں اچھی کارکردگی کی امید کا اظہار کیا ہے۔

وکٹ کیپر کپتان کا کہنا ہے کہ فخر زمان کو اب کوئی انجری نہیں وہ مکمل فٹ ہیں۔

یاد رہے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں بائیں ہاتھ کے اوپنر بیٹسمین 5 گیندوں پر ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے تھے۔ ابوظہبی ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو پر 96 اور 66 رنز کی اننگز کھیلنے والے فخر زمان ایشیا کپ کے بعد نیوزی لینڈ کے مقابلے پر پہلے ون ڈے میں جلد آؤٹ ہونے پر تنقید کی زد میں ہیں۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کہتے ہیں کہ کھلاڑی کے کریئر میں اس قسم کے اتار چڑھاؤ آتے ہیں، ہمیں نہیں بھولنا چاہیے کہ دورہ زمبابوے میں فخر نے شاندار کھیل پیش کیا تھا۔

دورہ زمبابوے کے پانچ ون ڈے میچوں میں اس سال 2 سنچریوں کے ساتھ فخر زمان نے 515 رنز بنائے تھے، بالخصوص اس سال 20 جولائی کو میزبان ٹیم کے خلاف بلاوایو میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میں فخر نے 221 گیندوں پر ناقابل شکست 210 رنز بنا کر ڈبل سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

تاہم رواں برس ستمبر میں ایشیا کپ کے دوران فخر زمان پانچ ون ڈے میچوں میں صرف 56 ہی رنز بنا سکے تھے۔ اس صورت حال میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے اگلے دو ون ڈے میچز نوجوان بیٹسمین کی صلاحیتوں کا بڑا امتحان ثابت ہوں گے۔

مزید خبریں :