کھیل
Time 08 نومبر ، 2018

وزیراعظم ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں کو فوری برطرف کریں: شکیل عباسی

فیڈریشن صرف دلاسے دیتی ہے اور کھلاڑی ڈیلی الاؤنس کا ہی رونا روتے دکھائی دیتے ہیں، شکیل عباسی۔ فوٹو: فائل

قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن شکیل عباسی نے وزیراعظم عمران خان سے موجودہ ہاکی فیڈریشن کو فوری طور پر برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

شکیل عباسی کا کہنا ہے کہ قومی کھیل ہاکی کے ساتھ اب مذاق بند ہونا چاہیے، موجودہ ہاکی فیدریشن کا وقت اب ختم ہو گیا اور حکومت نے فنڈز روک کر فیڈریشن کو واضح پیغام دیا ہے کہ اب وہ انہیں مزید برداشت کرنے کے موڈ میں نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈئیر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری اولمپیئن شہباز سینئر عزت سے استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں اور نئی مینجمنٹ کو کام کرنے کا موقع دیں۔

ایشین گیمز 2010ء کے گولڈ میڈلسٹ اولمپئین شکیل عباسی کا کہنا تھا کہ موجودہ ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کا جنازہ نکال دیا ہے، ان کے پاس کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس دینے کے پیسے نہیں اور اب یہ ورلڈ کپ میں جانے کے لئے بھیک مانگ رہے ہیں۔

سابق کپتان قومی ٹیم نے کہا کہ یہ اُن کا قصور ہے کیوں انہوں نے ورلڈ کپ کے لیے رقم بچا کر نہیں رکھی،کیوں جونیئر ٹیم کو کینیڈا بھیج کر پیسہ لٹایا۔

شکیل عباسی نے کہا کہ قومی کھیل کا یہی حال رہا تو یہ کھیل صرف کتابوں تک محدود رہ جائے گا، فیڈریشن صرف دلاسے دیتی ہے اور کھلاڑی بیچارے ڈیلی الاؤنس کا ہی رونا روتے دکھائی دیتے ہیں جب کہ اعلیٰ عہدیداران عیاشی کر کے گھر چلے جاتے ہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ موجودہ فیڈریشن ہر جمعے کو نیا کوچ تبدیل کر دیتی ہے، اس طرح تھوڑا ہی ہاکی کے کھیل میں ہم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سے لوگ انہیں فون کر کے پوچھ رہے ہیں کہ یہ آپ کے ہاکی میں کیا چل رہا ہے، البتہ میں اُن سے بات نہیں کرنا چاہتا کیوںکہ اب بھی میں سمجھتا ہوں کہ وہ ہمارے برابر کے نہیں، لیکن افسوس ہوتا ہے کہ موجودہ فیڈریشن کے ساتھ ہم انہیں ایک بار بھی ہرا نہیں سکے۔

اولمپیئن شہباز سینئر کے بطور سیکریٹری کام کرنے پر بات کرتے ہوئے شکیل عباسی نے کہا کہ سابق کپتان نے ہاکی کھلاڑی کی حیثیت سے جو نام بنایا اب بطور سیکریٹری انہوں نے سب مٹی میں ملا دیا ہے۔

اولمپیئن دانش کلیم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے شکیل عباسی نے کہا کہ لگتا ہے چند دن پہلے ہاکی فیڈریشن پر تنقید کرنے والے دانش کلیم کی فیڈریشن کے ساتھ ڈیل ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن شہباز سینئر کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو ایک خط لکھا گیا تھا جس میں ہاکی فیڈریشن کے لیے مالی معاونت کی درخواست کی گئی تھی۔

گزشتہ روز قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ توقیر ڈار نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی سے ٹیلی فون پر تفصیلی گفتگو کر کے مالی معاونت کی درخواست کی تھی۔

مزید خبریں :