Time 10 نومبر ، 2018
پاکستان

’چوہدری سرور کو کنٹرول کریں‘ وفاقی وزیر کی جہانگیر ترین کو شکایت


لاہور: وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے جہانگیر ترین سے گورنر پنجاب چوہدری سرور کی شکایت کردی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور پنجاب کے وزیر معدنیات حافظ عمار کی ملاقات ہوئی جس میں سینیٹ انتخابات سے متعلق بات چیت کی گئی۔

اس ملاقات کے حوالے سے ایک ویڈیو کلپ سامنا آیا جس میں دیکھا گیا کہ وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے جہانگیر ترین سے گورنر پنجاب چوہدری سرور کی شکایت کی اور کہا کہ ’سر مہربانی کریں چوہدری سرور کو کنٹرول کریں، یہ آپ کے وزیراعلیٰ کو نہیں چلنے دیں گے‘۔

طارق بشیر کی بات پر چوہدری پرویز الٰہی نے بھی ہاں میں ہاں ملائی۔

پرویز الٰہی نے اس دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پنجاب میں حمزہ شہباز ہم پر بہت تنقید کرتے ہیں، وہ عمران خان اور مجھ پر تنقید کرتے ہیں‘۔

طارق بشیر کو ان کے حلقے میں مداخلت کا گلہ ہے، پرویز الٰہی

ویڈیو کلپ سامنے آنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہاکہ اگر ہم گھر میں بیٹھ کر بھی بات نہیں کریں گے تو پارٹی کیسے چلے گی؟ طارق بشیر کو پرانا گلہ ہے کہ ان کے حلقے میں مداخلت ہورہی ہے اور یہ دو تین حلقوں میں ہے۔

انہوں نے کہاکہ جب تک ہمارا ممبر بات نہیں کرے گا تو تحفظات کیسے دور ہوں گے، گلہ دور نہ ہوتو غصہ سیکریٹ بیلٹ پر نکلتا ہے، اتحادی حکومتوں میں کئی مرتبہ ایسی صورتحال آتی ہے جس میں پارٹی کے لوگ نظر انداز ہوتے ہیں، اس وجہ سے اگر پارٹی کے لوگوں کی نہیں سنیں گے تو کام آگے نہیں چلتا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ گھر کی کہانی کسی کو نہیں دینی چاہیے، چوہدری سرور کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور مستقبل میں بھی رہیں گے، کسی کو کوئی بندہ مداخلت کرنے سے روک نہیں سکتا البتہ مداخلت کا پتا چلے گا تو ٹھیک ہوجائے اور یہ معاملہ بھی ٹھیک ہوجائے گا۔

فیاض الحسن چوہان کا رد عمل

اس معاملے پر جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ’اس وقت پنجاب میں طاقت کا سرچشمہ عثمان بزدار ہیں، کابینہ کے تمام وزرا ان کے شانہ بشانہ کام کررہے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’سارا دن ایک دوسرے کے حوالے سے بات چیت ہوتی رہتی ہے، لوگ اپنے سینئرز کے ساتھ بات کرتے ہیں، طارق بشیر چیمہ نے چھوٹی سی بات کی، ان کا بات کرنے کا اپنا انداز ہے، اس چیز کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلانا کوئی اچھی پریکٹس نہیں‘۔

فیاض الحسن کا کہنا تھا کہ ’میاں بیوی اور فیملی میں بھی ایک دوسرے کے حوالے سے گلے شکوے ہوتے ہیں، اس کی آڈیو بناکر چلانا کوئی طریقہ نہیں، ایک دوسرے سے اختلافات ہوتے ہیں جو چھوٹی چھوٹی چیزیں ہوتی ہیں، تبصرہ کرنےپر اتنی بڑی بات نہیں ہوگئی، اس سے ایسا کوئی تاثر نہیں کہ حکومت کمزور ہوگئی یا وزیراعلیٰ کمزور ہوگئے ہیں، عثمان بزدار ایک مضبوط اتھارٹی ہیں اور اس میں کوئی تنازع نہیں‘۔

مزید خبریں :