ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان ہاکی ٹیم کو 'اسپانسر' مل گیا

میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ مشکل وقت میں قومی کھیل کے لیے آگے آکر کچھ کرنے کا موقع ملا، جاوید آفریدی۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم کو اس ماہ کے آخری ہفتے میں بھارت کے شہر بھونیشور میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کرنا ہے، جس کے لئے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے۔

مالی مسائل سے دو چار فیڈریشن کے سیکریٹری اولمپیئن شہباز سینئر نے حکومت سے 8 کروڑ روپے کی گرانٹ کا مطالبہ کیا ہے، تاہم ماضی میں کروڑوں روپے کی گرانٹ ہاکی فیڈریشن کو دینے والی حکومت کی طرف سے اس مرتبہ تاحال کوئی مثبت جواب نہ آیا۔

البتہ ہاکی فیڈریشن کو اس وقت ایک بڑی خبر اس وقت ملی جب ہائر (HAIER) پاکستان کے سی ای او جاوید آفریدی نے ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر کے ساتھ لاہور میں ایک یادداشت پر دستخط کیے اور 2020 تک قومی ہاکی ٹیم کو اسپانسر کرنے کا اعلان کیا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید آفریدی جو پشاور زلمی کے چئیرمین بھی ہیں، کا کہنا تھا کہ یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ قومی کھیل ہاکی جہاں ماضی میں ہم چار بار ورلڈ چیمپئین رہے، تین بار اولمپک گولڈ میڈل جیتا، آج مشکل وقت میں آگے آکر مجھے کچھ کرنے کا موقع ملا۔

جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ میری آنکھوں میں اس وقت آنسو آگئے جب ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بتایا کہ ان کا گزر بسر صرف ڈیلی الاؤنس پر ہے، جو چند ہزار روپے ہے اور وہ الاؤنس بھی وقت پر نہیں ملتے۔

جاوید آفریدی نے مزید کہا کہ ہاکی فیڈریشن کی حالت دیکھ کر مجھے بہت افسوس ہوا، نہ فیڈریشن کے پاس کوئی انفراسٹرکچر ہے اور نا ہی ان لوگوں کے پاس قومی کھیل کو آگے لے جانے کے لئے کوئی مناسب حکمت عملی ہے۔

جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ ہاکی فیڈریشن کے لئے ان کے پاس کئی منصوبے ہیں، البتہ ابھی وہ بہت مصروف ہیں، مستقبل میں وہ اس حوالے سے مزید کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مزید خبریں :