Time 19 نومبر ، 2018
پاکستان

کٹاس راج کیس: سیمنٹ فیکٹریوں کے زمین سے پانی نکالنے پر پابندی عائد


لاہور: سپریم کورٹ نے سیمنٹ فیکٹریوں کے زمین سے پانی نکالنے پر پابندی عائد کردی۔

سپریم کورٹ نے کٹاس راج کیس میں اپنے گزشتہ حکم میں متعلقہ حکام کو کٹاس راج مندر کا تالاب بھرنے کا حکم دیا تھا۔

پیر کے روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کٹاس راج کی زمین سے پانی نکالنے پر سمینٹ فیکٹریوں کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سیمنٹ فیکٹریوں کا پانی بند کررہے ہیں، فیکٹری والے کہتے ہیں کہ ہم نے پانی بارش سے جمع کیا، فیکٹری والے جھوٹ بولتے ہیں، انہوں نے ٹیوب ویل کے ذریعے زمین سے پانی نکالا۔

عدالت نے کٹاس راج کی زمین پرٹیوب ویل سے پانی نکالنے سے بھی روک دیا اور حکم دیا کہ سیمنٹ فیکٹریاں زمین سے پانی نہیں لیں گی، اب تک سیمنٹ فیکٹری نے جوپانی استعمال کیا اس کے لیے جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔

عدالت نے ایک سیمنٹ فیکٹری کو 8 کروڑ روپے اور 2 کروڑ الگ سے جرمانہ کرکے مجموعی طور پر 10 کروڑ روپے ڈیم فنڈ میں جمع کروانے کا حکم دیا اور از خود نوٹس نمٹا دیا۔

مزید خبریں :