20 نومبر ، 2018
لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن بدستور کھلاڑیوں کے لاکھوں روپے ڈیلی الاؤنس کی مقروض ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ سے قبل اسپانسر ضرور مل گیا ہے لیکن قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو تاحال فیڈریشن کی طرف سے لاکھوں روپے ڈیلی الاونس کی مد میں نہیں مل سکے ہیں ۔
اطلاعات کے مطابق عمان میں کھیلی جانیوالی ایشین چیمپئنز ٹرافی کے کیمپ اور ٹورنامنٹ کے ڈیلی الاؤنس سمیت گرین شرٹس کے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کیمپ کے ڈیلی الاؤنس کے پیسے نہیں ملے ہیں۔
ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ورلڈ کپ کیلئےبطور کوچ منتخب ہونے والے اولمپئین توقیر ڈار نے کھلاڑیوں کو یقین دہا نی کرائی ہے کہ بھارت روانگی سے قبل ان کے بقایاجات ادا کر دئیے جا ئیں گے۔
ایک اندازے کے مطابق فیڈریشن کو ہر کھلاڑیوں کو سوا 2 لاکھ روپے ادا کر نے ہیں۔
یاد رہے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیو ں کو ملکی سطح پر لگنے والے کیمپ کے دوران ایک ہزار روپے یومیہ ادا کئے جا تے ہیں ،جب کہ غیر ملکی دوروں پر ہر کھلاڑیوں کو پندرہ ہزار روپے یو میہ ادا کئے جاتے ہیں۔
پاکستان ہاکی ٹیم کو 14 ویں ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے پول "ڈی " میں ہالینڈ، جرمنی، ملائیشیا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں قومی ہاکی ٹیم یکم دسمبر کو جرمنی، 5 دسمبر کو ملائیشیا اور 9 دسمبر کو آخری پول میچ ہالینڈ کے مقابلے پر کھیلے گی۔
ہاکی ورلڈکپ 28نومبر سے 16دسمبر تک بھارت کے شہر بھونیشور میں منعقد ہوگا۔