برطانوی نژاد وسیم خان پی سی بی ’منیجنگ ڈائریکڑ‘ کی دوڑ میں شامل

بائیں ہاتھ کے بلے باز نے 58 فرسٹ کلاس میچ 1992ء سے 2002ء کے عرصے میں کھیلے۔ فوٹو: فائل

برطانوی نژاد پاکستانی وسیم خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کی دوڑ میں شامل ہو گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ جو ملازمین کی بڑھتی تعداد اور بڑھتے خرچوں پر متعدد مرتبہ تحفظات ظاہر کر چکا ہے، اس کے نئے سربراہ احسان مانی نے ڈائریکڑ میڈیا کو 10 لاکھ اور منیجنگ ڈائریکڑ کو 20 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر پی سی بی کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے بقول ڈائریکڑ میڈیا کے لیے پی سی بی کے سابق ملازم کو لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، البتہ ان کے خیال میں ڈائریکڑ کی تنخواہ پی سی بی قوانین کی خلاف ورزی ہو گی۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ برطانوی نژاد 47 سالہ وسیم خان بھی منیجنگ ڈائریکڑ بننے کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں۔

26 فروری 1971ء کو برمنگھم میں پیدا ہونے والے وسیم گلزار خان انگلش کاونٹی لیسٹرشائر کے چیف ایگزیکٹو رہنے کے ساتھ بطور بیٹس مین انگلش کاونٹی واروکشائر، سسیکس اور ڈربی شائر کے لیے کھیل چکے ہیں۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز نے 58 فرسٹ کلاس میچ 1992ء سے 2002ء کے عرصے میں کھیلے۔

یاد رہے کہ پی سی بی کے سربراہ احسان مانی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بطور چیئرمین اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اگر ہم پروفیشنل لوگوں کو لائیں گے تو انہیں مارکیٹ ریٹ پر تنخواہ دینا پڑے گی۔

دوسری جانب سابق چیئرمین نجم عزیز سیٹھی کا مؤقف ہے کہ منیجنگ ڈائریکڑ اور میڈیا ڈائریکڑ کا اشتہار ایک ڈرامہ ہے۔

احسان مانی پہلے ہی اس معاملے میں کس کو لانا ہے، اس کا ذہن بنا چکے ہیں، دوسری جانب پی سی بی آئین میں مینجنگ ڈایکڑ کی اسامی کے لیے ترامیم کرنے کی بھی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

مزید خبریں :