27 نومبر ، 2018
کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دفاعی نمائش 'آئیڈیاز 2018' کا افتتاح کردیا جس میں دنیا بھر سے کئی ممالک کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔
کراچی کے ایکسپو سینٹر میں منعقدہ نمائش 30 نومبر تک جاری رہے گی جس میں امریکا، برطانیہ، روس اور چین سمیت 50 ممالک کے 250 سے زائد وفود شرکت کررہے ہیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل عمر محمود حیات سیمینار کی صدارت کریں گے جب کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل مجاہد انور خان اور پاک نیوی کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی دفاعی نمائش کے مختلف سیشن میں شرکت کریں گے۔
دفاعی نمائش میں 500 سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں جن میں 321 غیرملکی اور 201 پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں۔
دفاع نمائش میں شرکت کرنے والے نمایاں ممالک میں چین، برطانیہ، روس، امریکا، ترکی، اٹلی، جرمنی، اردن، پولینڈ، روس، جنوبی کوریا، یوکرائن، متحدہ عرب امارات اور دیگر شامل ہیں۔
ٹریفک پلان
چار روز تک جاری رہنے والی دفاعی نمائش کے سلسلے میں ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی پلان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق اسٹیڈیم فلائی اوور سے حسن اسکوائر روڈ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک بند رہے گا۔
رہائشی اپنا شناختی کارڈ دکھا کر اپنے گھر یا ایریا میں جاسکیں گے، کارساز سے نیشل اسٹیڈیم آنے والا روڈ بھی عام ٹریفک کے لئے بند ہوگا، شہید ملت روڈ سے آنے والی ٹریفک جیل فلائی اوور اور یونیورسٹی روڈ سے غریب آباد جاسکے گی۔
براون رنگ اور زرد رنگ کی پٹی والے بیئریئر عام پبلک کے لیے بند ہوں گیں جبکہ آسمانی رنگ اور میرون پٹی والے بیئریئر سے ہیوی ٹریفک کو متبادل روٹ بھیجا جائے گا۔
پلان کے مطابق کسی بھی قسم کے ہیوی ٹریفک کو نیشنل اسٹیڈیم کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ہیوی ٹریفک کو لیاقت آباد 10 نمبر، نیپا چورنگی، ملینئم اور کارساز سے متبادل راستہ دیا جائےگا۔
صرف مخصوص اسٹیکر لگی ہوئی گاڑیاں اسٹیڈیم روڈ سے کراچی ایکسپو سینٹر کی طرف جائیں گی، جہاں وہ مخصوص پارکنگ میں کھڑی کی جائیں گی اور عام ٹریفک کو اسٹیڈیم پل سے اسٹیڈیم روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔