Time 01 دسمبر ، 2018
کھیل

آئی جی سندھ پی ایس ایل میں غیرملکی کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی دینے کیلئے پرعزم

سندھ پولیس کے سربراہ کراچی میں میچوں کے لئے پر امید ہیں، کاشف انصاری— فوٹو:فائل 

کراچی: سندھ پولیس کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) کلیم امام کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کیلئے کراچی یا حیدرآباد میں جتنے بھی میچز کرائے جائیں ان میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو مکمل اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی تین ایڈیشن کے زیادہ تر میچز متحدہ عرب امارات میں ہوئے تھے، 2017 میں فائنل لاہور اور 2018 کا فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوا تھا۔

آئندہ سال بھی پاکستان کرکٹ بورڈ پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں نہیں کرارہا ہے تاہم آئی جی سندھ نے پاکستان میں ٹورنامنٹ منعقد کرائے جانے پر کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پشاور زلمی کے مشیر ڈاکٹر کاشف انصاری نے آئی جی سندھ کلیم امام سے ملاقات کی جس دوران آئی جی سندھ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کیلئے کراچی یا حیدرآباد میں چاہے جتنے بھی میچز کرائے جائیں، غیر ملکی کھلاڑیوں کو مکمل اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

ڈاکٹر کاشف انصاری نے کہا کہ سندھ پاکستان سپر لیگ کے میچوں کیلئے محفوظ جگہ ہے اور آئی جی سندھ کی یقین دہانی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اس سلسلے میں سندھ کو مزید میچز کی میزبانی دے۔

واضح رہے کہ اس سال پاکستان میں پی ایس ایل کے 8 میچز کی میزبانی کرانے کا اعلان کیا گیا ہے اور ایونٹ کا فائنل کراچی میں ہونا ہے۔

مزید خبریں :