دورہ جنوبی افریقا کیلئے محمد عامر کے ٹیم میں شمولیت کے امکانات روشن

ایشیا کپ میں خراب کارکردگی کے بعد سلیکٹرز نے محمد عامر کو تینوں فارمیٹس کی ٹیم سے ڈراپ کر دیا تھا۔ فوٹو: فائل

فاسٹ بولر محمد عامر کو جنوبی افریقا کے دورے میں پاکستان ٹیم میں دوبارہ شامل کئے جانے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

ایشیا کپ میں خراب کارکردگی کے بعد سلیکٹرز نے محمد عامر کو تینوں فارمیٹس کی ٹیم سے ڈراپ کر دیا تھا۔

اس دوران محمد عامر نے سوئی سدرن گیس کی جانب سے فرسٹ کلاس اور ون ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عامر کو آف اسپنر بلال آصف کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جائے گا جب کہ تیسرے اوپنر کی حیثیت سے شان مسعود کو ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان بھی روشن ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک رائے یہ بھی ہے کہ جنوبی افریقا کے دورے میں دو وکٹ کیپرز شامل ہوں، ایسے میں محمد بھی رضوان ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

کپتان سرفراز احمد کی موجودگی میں پاکستان ٹیم میں ایک ریزرو وکٹ کیپر محمد رضوان کو شامل کیا جا رہا ہے۔

محمد رضوان پاکستان اے کی کپتانی کر رہے ہیں اور بیٹنگ کے شعبے میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

رضوان 649 رنز کے ساتھ 20 کیچ بھی وکٹوں کے پیچھے لے چکے ہیں۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ وکٹ کیپر محمد رضوان نے پاکستان کی جانب سے واحد ٹیسٹ نیوزی لینڈ کے خلاف ہیملٹن میں نومبر 2016 میں کھیلا تھا، جس میں وہ صرف 13 رنز تک محدود رہے۔

رضوان اب تک 25 ایک روزہ میچوں اور 10 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔

فخر زمان گھٹنے کی انجری کے باعث جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ سے آوٹ ہو چکے ہیں۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر ان فٹ اوپنر کو کھلاتے رہے جس سے فخر زمان کی تکلیف میں اضافہ ہو گیا۔

فخر زمان زمان آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے اور انہوں نے گھٹنے کی تکلیف کے بارے میں ٹیم انتظامیہ کو آگاہ کر دیا تھا۔

سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ پُرامید ہے کہ فاسٹ بولر محمد عباس اہم سیریز سے قبل مکمل فٹ ہو جائیں گے۔

محمد عباس کی ٹیم میں شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط ہے۔ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کو حتمی شکل دی جانے لگی ہے۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل 19 دسمبر سے تین روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلا جائے گا۔

ٹیسٹ ٹیم کے لئے پاکستان کی ممکنہ ٹیم میں کپتان سرفرازاحمد، محمد حفیظ، امام الحق، بابر اعظم، حارث سہیل، اظہر علی، سعد علی، حسن علی، میر حمزہ ،محمد عامر، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، اسد شفیق اور یاسر شاہ شامل ہوں گے۔

مزید خبریں :