05 فروری ، 2012
دبئی … دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے جیت کے لئے 324رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 36 رنز بنالئے ، انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لئے مزید 288 رنز درکار ہیں اور اس کی تمام وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ انگلش اوپنرز الیسٹر کک اور اینڈریو اسٹراس انتہائی محتاط انداز اختیار کئے رکھا اور پاکستانی بولرز کو وکٹ کے حصول میں کامیابی حاصل نہ کرنے دی۔ انگلش کپتان اینڈریو اسٹراس 59 گیندوں پر 19 اور الیسٹر کک 62 گیندوں پر 15 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ دبئی ٹیسٹ کے ابھی دو روز باقی ہیں جن میں پاکستان کو جیت کے لئے 10 وکٹیں اور انگلینڈ کو 288 رنز درکار ہیں۔اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 365 رنز پر آوٴٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والی سیریز کے ْتیسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن یونس خان 127 رنز بنا کراسٹیورٹ براڈ کی گیند پر آوٴٹ ہوگئے۔ ان کے بعد آنے والے کپتان مصباح الحق نے 31 رنزبنائے،وہ پنیسرکی گیند پر ایل بی ڈبلیوآوٴٹ ہوئے۔ جس کے بعد کوئی بھی پاکستانی بیٹسمین انگلش اسپنرز کا مقابلہ نہ کرسکا اور پاکستان کی وکٹیں ایک ،ایک کرکے گرتی رہیں۔ اسد شفیق 5، عدنان اکمل صفر، عبدالرحمان ایک، سعید اجمل ایک اور عمر گل چار رنز بنا کرآوٴٹ ہوئے۔ اظہر علی دوسرے اینڈ پر ڈٹے رہے اور اپنے کیرئیر کی دوسری سنچری اسکور کی اور اس کے بعداپنے اسکور کو 157رنز تک پہنچایا وہ گریم سوان کی گیند پر آوٴٹ ہونے والے پاکستان کے نویں کھلاڑی تھے۔