10 دسمبر ، 2018
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان وزیر مملکت برائے کمیونیکیشن مراد سعید کی کارکردگی سے خوش ہیں اور انہوں نے مراد سعید کو وفاقی وزیر بنانے کا اعلان کیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زایب خانزادہ‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزراء کی کارکردگی جانچتے ہوئے مراد سعید کی کارکردگی کو زیادہ سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے وزیر مملکت برائے کمیونیکیشن مراد سعید کو بہترین کارکردگی پر وفاقی وزیر بنانے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جو تقریباً 9 گھنٹوں تک جاری رہا اور اس دوران وزیراعظم نے وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم عمران خان نے وزراء سے کارکردگی پر فرداً فرداً سوال کیے ، وزرا کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ہدایات اور مشورے دیے، کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے مزید 3 ماہ کا وقت دینے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، محنت اور کوششیں تیز کریں تاکہ عوام کا معیار زندگی بہتر بنایاجاسکے۔