10 دسمبر ، 2018
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جو تقریباً 9 گھنٹوں تک جاری رہا جس میں وزراء کی 100 روزہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا 100 روزہ امتحان میں پاس ہوگئے ہیں اور وزیراعظم ان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے وزارت ریلوے کی کارکردگی پر کابینہ اجلاس کو بریفنگ دی جس پر اجلاس میں ڈیسک بجا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے شیخ رشید سے سوال کیا کہ 'شیخ رشید صاحب، آپ کو ریلوے کے افسران فیل کرنے کی کوشش تو نہیں کررہے جس پر شیخ رشید نے کہا کہ 'ابھی تو حالات ٹھیک ہیں، ایسا محسوس کیا تو آپ کے علم میں لاؤں گا'۔
ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے وزیراعظم سے کہا کہ 'ریلوے کو آپ کے وژن کے مطابق آئندہ بھی نمبر ون ہی رکھیں گے، 20 نئی ٹرینیں چلائیں، ایک سال کا ٹارگٹ تین ماہ میں مکمل کرلیا، چار فریٹ،3 ٹورسٹ ٹرینیں بھی چلارہے ہیں'۔
شیخ رشید نے بتایا کہ 'میرے دور میں ریلوے نے دو ارب روپے اضافی کمائے، ابھی تک نمبرون ہوں، کارکردگی کی اس دوڑ میں آگے ہی رہوں گا'۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے بھی اپنی وزارت کی کارکردگی پر کابینہ کو بریفنگ دی جس پر شرکاء نے کہا کہ وزارت آبی وسائل نے اچھا کام کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارت میں 138 افراد کی بھرتی کی گنجائش تھی لیکن وزیر آبی وسائل نے محدود وسائل کے باعث صرف 12 افراد کی مدد سے کام چلایا۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہر تین ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کے جائزے کے لیے اجلاس طلب کیا جائے گا۔