کھیل
Time 12 دسمبر ، 2018

ہاکی ورلڈ کپ: انگلینڈ اور آسٹریلیا نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی

ارجنٹائن اور فرانس شکست کھاکر ایونٹ سے باہر، اگلے کوارٹر فائنل میں بھارت کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہوگا— فوٹو: فائل

ہاکی ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور آسٹریلیا نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ ارجنٹائن اور فرانس کی ٹیموں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارت کے شہر بھوونیشور میں جاری میگا ایونٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے ارجنٹائن کو دلچسپ مقابلے کے بعد تین دو کے اسکور سے مات دی۔

میچ میں ارجنٹائن نے پہلے برتری حاصل کی جسے انگلینڈ نے برابر کیا، پھر انگلینڈ کی ٹیم برتری لینے میں کامیاب ہوئی، 48 ویں منٹ میں ارجنٹائن نے گول برابر کیا۔

کھیل ختم ہونے سے 11 منٹ قبل انگلش ٹیم دوبارہ سے سبقت لینے میں کامیاب ہوئی جو آخر وقت تک برقرار رہی اور یوں انگلینڈ نے تین دو سے فتح کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

دوسرے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا نے فرانس کو باآسانی 0-3 سے مات دی۔ آسٹریلیا کے گول جیریمی ہیورڈ، بلیک گووورز اور ایرن زیلسکی نے اسکور کیے۔

13 دسمبر کو مزید دو کوارٹر فائنل میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں جرمنی کا مقابلہ بلجیئم سے جبکہ دوسرا میچ بھارت اور نیدرلینڈز کے درمیان ہوگا۔

ایونٹ میں آسٹریلیا کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کررہی ہے۔

مزید خبریں :