Time 19 دسمبر ، 2018
پاکستان

’پاک ریلو‘: پاکستان ریلوے نے 70 لاکھ روپے کی ایپ تیار کر لی

اس موبائل فون ایپلیکیشن کے ذریعے ٹرینوں کی آمد و روانگی کے اوقات کار کے ساتھ ساتھ ٹرینوں کی لوکیشن بھی دستیاب ہوگی — فوٹو: جیو نیوز 

پاکستان ریلوے نے صارفین کی آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرینوں کی آمدورفت کی معلومات حاصل کرنے کیلئے ’پاک ریلو‘ موبائل فون ایپ تیار کرلی۔

اس ایپلیکیشن کے ذریعے موبائل فون صارفین محض ایک کلک پر ٹرینوں کی آمد و رفت کے اوقات کار کے ساتھ ساتھ اب یہ بھی معلوم کرسکیں گے کہ کون سی ٹرین کس اسٹیشن پر پہنچ گئی ہے اور کس وقت تک اپنی منزل پر پہنچے گی۔

پاکستان ریلوے کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے یہ ذمہ داری سکھر کے آئی ٹی انجینیئر مدثر زیدی کو سونپی تھی جنہوں نے انتھک محنت کے بعد ’پاک ریلو‘ کے نام سے موبائل ایپ تیار کی ہے۔

اس ایپ کیلئے گوگل میپ سمیت مختلف بین الاقوامی اداروں سے مدد حاصل کی گئی جب کہ ایپ کو بنانے پر 70 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔

ایپ کے ذریعے ٹرینوں کی بروقت معلومات حاصل کرنے کیلئے ٹریکرز 325 ریلوے انجنوں میں نصب کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق ایپ کی تکنیکی تربیت کیلئے پاکستان ریلوے کے افسران کو کراچی میں ایک تربیتی کورس بھی کروایا گیا۔

یہ موبائل فون ایپلیکیشن کسی بھی اینڈرائیڈ یا آئی فون میں مفت انسٹال کی جا سکے گی جس کے بعد پاکستان ریلوے کی تمام ٹرینوں کی آمد و رفت کے بارے میں بروقت معلوم کیا جا سکے گا۔

اس کے علاوہ ایپ میں ٹرین کا نام اور نمبر کے اندراج کے ذریعے ٹرین کی اسٹیشن آمد سے 15 منٹ پہلے اطلاع مل سکے گی، اگر کسی وجہ سے ٹرین تاخیر کا شکار ہوئی تو بھی ایپ کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔

مدثر زیدی کے مطابق ایپ کی کارکردگی کو کامیابی سے جانچا جا چکا ہے اور ریلوے انجنز میں ٹریکرز کی تنصیب مکمل ہونے کے بعد اسے عوام کیلئے متعارف کروادیا جائے گا۔

مزید خبریں :