21 دسمبر ، 2018
کراچی: جیو اور سوپر کے تعاون سے 13 سال بعد مداحوں کے پسندیدہ بینڈ ’جنون‘ کی واپسی ہورہی ہے جو اب صرف تین دن کی دوری پر ہے۔
گلوکار علی عظمت، گٹارسٹ سلمان احمد اور برائن پر مشتمل بینڈ ’جنون‘ کا کانسرٹ 25 دسمبر کو کراچی کے ڈی ایچ اے اسپورٹس کلب میں ہوگا جو جنون بینڈ کا 13 برس کے طویل عرصے بعد کوئی کانسرٹ ہے۔
کانسرٹ کے لیے گٹارسٹ سلمان احمد کا کہنا ہے کہ جہاں ایک جانب ملک میں جنون کی واپسی ہورہی ہے وہیں جیو نے پھر ثابت کردیا کہ وہ سب سے منفرد ہے۔
گٹارسٹ برائن نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ 13 سال بعد مداحوں میں جارہا ہوں، بھرپور تیاریاں کی ہیں، امید ہے کہ کراچی کے نوجوان ماضی کی طرح بھرپور انجوائے کریں گے۔
اس کانسرٹ کی تھیم ’’سوپر ہے پاکستان کا جنون‘‘ رکھا گیا ہے جس میں مداح ایک بار پھر لہو گرمانے والے جنون بینڈ کے نغمے اور گیت انجوائے کریں گے۔
کانسرٹ کے ٹکٹ Yayvo.com یا ٹی سی ایس کے ایکسپریس سینٹرز پر بُک کرائے جاسکتے ہیں۔
ایونٹ کے لیے برونز سرکل اور پلاٹینم لاونج کے تمام ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں جب کہ پنک، سلور اور گولڈ ٹکٹ دستیاب ہیں۔
واضح رہے کہ جنون بینڈ 25 سال پہلے موسیقی کے افق پر اُبھری اور صوفی راک اسٹائل کی بدولت دیکھتے ہی دیکھتے برصغیر کے کروڑوں دِلوں کی دھڑکن بن گئی۔
پھر 13 برس قبل علی عظمت اور سلمان احمد کے مبینہ اختلافات کی وجہ سے یہ عالمی شہرت یافتہ بینڈ بکھر گیا لیکن مداحوں کے بے حد اصرار پر بکھرے ہوئے تین ستارے پھر 25 دسمبر کو یکجا ہورہے ہیں۔