25 دسمبر ، 2018
میلبرن: آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا تیسرا میچ کل سے شروع ہوگا جسے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ بھی کہا جارہا ہے۔
آسٹریلیا نے پرتھ ٹیسٹ میں بھارت کو شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی، شکست کے خوف کے پیش نظر بھارتی کرکٹ بورڈ نے میلبرن ٹیسٹ کے لیے اوپنرز کو باہر کرتے ہوئے 11 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔
اوپنرز مرالی وجے اور کیل راہل میلبرن ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، ان کی جگہ آل راؤنڈر روندرا جدیجا اور میانک اگروال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، میانک اگروال آسٹریلیا کے خلاف کل اپنا ڈیبیو میچ کھیلیں گے۔
آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میں بھارت کی جانب سے ہنومان ویہاری اور میانک اگروال اوپننگ کر سکتے ہیں جب کہ انجری سے چھٹکارا پا کر ٹیم کا حصہ بننے والے روہت شرما بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
آسٹریلیا کی جانب سے باکسنگ ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، پیٹر ہینڈکمب کی جگہ مچل مارش 11 رکنی ٹیم کا حصہ ہیں۔
کینگروز ٹیم کپتان ٹم پین، ایرون فنچ، مارکس ہیرس، عثمان خواجہ، شان مارش، ٹریوس ہیڈ، مچل مارش، پیٹ کمنس، مچل اسٹارک، نیتھن لیون اور جوش ہیزلی وڈ پر مشتمل ہے۔
باکسنگ ڈے ٹیسٹ:
کرسمس کے اگلے روز یعنی 26 دسمبر کو باکسنگ ڈے کہا جاتا ہے اور آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہر سال 26 دسمبر سے 30 دسمبر کے درمیان کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کہلاتا ہے۔