پاکستان
Time 13 جنوری ، 2019

دیر بالا سمیت کئی بالائی علاقوں میں شدید برفباری، مسافروں کیلئے کنٹرول روم قائم

دیر بالا سمیت کئی بالائی علاقوں میں شدید برفباری—. فوٹو فائل

ملک کے بیشتر علاقوں میں کہیں ہلکی بارش تو کہیں شدید برف باری کا راج ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

دیربالا میں لواری ٹنل کے اطراف شدید برف باری ہوئی جہاں ضلعی انتظامیہ نے مسافروں کی سہولت کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا ہے۔

گزشتہ رات مری میں برف باری سے راستے بند ہوگئے جس کے باعث کئی سیاحوں نے رات گاڑیوں میں گزار دی جب کہ ایبٹ آباد، مانسہرہ، ناران ،کاغان، شوگران کےکئی علاقوں میں بھی ہلکی برفباری ہوئی۔

اسلام آباد کے نواحی علاقے شاہ اللہ دتہ میں بھی برفباری ہوئی جب کہ جہلم ساہیوال اور سیالکوٹ میں بارش ہوئی جس سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے۔

شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک بند کردیا ہے جب کہ چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بہاولپور، رحیم یارخان اور صادق آباد میں بھی دھند ہی دھند چھائی ہے۔

دوسری جانب دُھند میں کمی کے بعد پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد، اور گوجرہ موٹروے سیکشن کھول دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جب کہ کوئٹہ صفر، پشاور 4، لاہور اور ملتان 7، اسلام آباد 8 اور کراچی میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :