کھیل
05 اگست ، 2012

اولمپکس ہاکی: پاکستان نے جنوبی افریقا کو 5-4 سے ہرادیا

اولمپکس ہاکی: پاکستان نے جنوبی افریقا کو 5-4 سے ہرادیا

لندن…لندن اولمپکس ہاکی میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 5-4 سے شکست دے دی۔ ریور بینک ارینا میں کھیلے گئے میچ کا پہلا ہاف انتہائی سنسنی خیز رہا اور دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر بھرپور حملے کیے۔ جنوبی افریقا کے مک ڈیڈتھورن ٹون نے کھیل کے دوسرے منٹ میں گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی تاہم 20 ویں منٹ میں عبدلحسیم نے فیلڈ گول کرکے جنوبی افریقا کی برتری ختم کردی۔ صرف دو منٹ بعد ہی ریڈ راس نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے جنوبی افریقا کو ایک بار پھر برتری دلادی لیکن چند سیکنڈ کے اندر ہی شفقت رسول نے گول کرکے میچ بار پھر دو، دو سے برابر کردیا۔ 25 ویں منٹ میں عبدالحسیم نے گول کرکے پاکستان کو 3-2 کی برتری دلادی۔پاکستان کی یہ برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور کھیل کے آخری لمحات نے جنوبی افریقا کے ریڈ راس نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے میچ تین، تین سے برابر کردیا اور اسی اسکور پرپہلے ہاف کا احتتام ہوا۔ دوسرے ہاف کا آغاز بھی سنسنی خیز انداز سے ہوا اور جنوبی افریقا نے کھیل کے 38 ویں منٹ گول اسکور کرکے اسکور4-3 کردیا۔اس دوران پاکستان کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن وہ اس سے فائدہ نہیں اٹھاسکا۔ کھیل کے 64 ویں منٹ میں سہیل عباس نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے اسکور 4-4 کردیا۔ محمد وسیم نے 67 ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کو 5-4 برتری دلادی اور اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔ گروپ اے میں پاکستان نے چار میچ کھیل 7 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ آسٹریلیا اور برطانیہ کے تین تین میچ کھیل کر 7،7 پوائنٹس ہیں۔پاکستان پول کا آخری میچ منگل کو آسٹریلیاکیخلاف کھیلے گا۔

مزید خبریں :