پاکستان
Time 15 جنوری ، 2019

وزیراعلیٰ سندھ کی ایمپریس مارکیٹ، چڑیا گھر کے اطراف خوبصورتی بڑھانے کی ہدایات

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں — فوٹو: بشکریہ سی ایم ہاؤس فیس بک پیج

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایمپریس مارکیٹ اور کراچی چڑیا گھر کے اطراف قائم تجاوزات ختم کیے جانے کے بعد ان علاقوں کی خوبصورتی اور سڑکوں کی تعمیر کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ صدر کے علاقے کو پیدل چلنے والا علاقہ بنانے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ متاثرہ دکانداروں اور تاجروں کی بحالی کیلئے ایک پلان تیار کرکے منظوری کیلئے انہیں بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ افراد کو بے یار و مدد گار نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے یہ بات آئندہ مالی سال کیلئے نئی اسکیمیں شروع کرنے اور کراچی میگا پروجیکٹس کے منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں وزیربلدیات سعید غنی، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری خزانہ نجم شاہ، کمشنر کراچی افتخار شالوانی، اسپیشل سیکریٹری محکمہ بلدیات نیاز سومرو ، پی ڈی کراچی پیکیج خالد مسرور اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز میں وزیراعلیٰ سندھ نے صدر اور کراچی چڑیا گھر سے تجاوزات کے خاتمے سے متاثر ہونے والے چھوٹے دکانداروں اور تاجروں کی بحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ دکانداروں کی بحالی کیلئے ایک تفصیلی پلان مرتب کرکے منظوری کیلئے پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں قلیل المدتی انتظامات کے تحت عارضی بنیادوں پر متاثرہ دکانداروں کی بحالی کے حوالے سے فوری طورپر انہیں اسٹال دینا چاہتا ہوں اور طویل المدتی بنیادوں پر ان کیلئے مارکیٹ کے قیام کیلئے جگہ کی نشاندہی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی تجویز دی کہ رات گئے تک چلنے والی مارکیٹیں جیسا کہ دنیا بھر میں ہوتی ہیں ایسی مارکیٹیں بھی شروع کی جاسکتی ہیں۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ پتھارے والے صدر میں رات 9 بجے سے صبح 3 بجے تک نائٹ مارکیٹ میں ایڈجسٹ ہوسکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے انہیں ہدایت کی کہ وہ نائٹ مارکیٹ کی تجویز کو تیار کریں۔ مراد علی شاہ نے صوبائی وزیر بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ ایمپریس مارکیٹ اور کراچی زو کے علاقے میں گرائے جانے والی دکانوں اور اسٹرکچر ملبے کو اٹھانے کے لیے تمام تر ضروری انتظامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ایمپریس مارکیٹ کا دورہ کیا تھا اور اس بات کا نوٹس لیا تھا کہ ابھی تک وہاں پر ملبہ پڑا ہوا ہے جوکہ وہاں سے اٹھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انگریزوں کے دور کی مارکیٹ کے اطراف میں سڑک تعمیر کرکے بحال کی جائے گی اور وہاں پر لوگوں کے بیٹھنے کیلئے ایک چھوٹا سا پارک اور اس طرح کی دیگر چیزیں کی جاسکتی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اسپیشل سیکرٹری بلدیات نیاز سومرو اور پی ڈی کراچی پیکیج خالد مسرور کو ہدایت کی کہ وہ ایمپریس مارکیٹ کی خوبصورتی کیلئے کام شروع کریں اور انہیں یہ بھی ہدایت کی کہ کراچی زو جہاں سے دکانیں بلڈوز کی گئی ہیں وہاں پر دیوار تعمیر کی جائےاور تمام علاقے کی خوبصورتی کیلئے فٹ پاتھ بھی تعمیر کیے جائیں۔

آئندہ سال کے بجٹ کیلئے وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم کو آرام باغ میں پارک کی ترقی کیلئے ،پی سی اور موو اینڈ پک کے درمیان انڈر پاس کی طرح ٹنل تعمیر کرنے، میٹروپول ہوٹل سے میریٹ ہوٹل کی طرف آنے والی ٹریفک کے لیے 50 فٹ لینڈ کی تعمیر کرنے کی اسکیمیں تیار کرنے کی ہدایات کیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ہوٹلوں کے درمیان ٹنل کی تعمیر سے ٹریفک کا بہائو مین روڈ پر بہتر ہوجائے گا اور ٹنل میں شاپنگ کے لیے ایک مناسب مارکیٹ بھی بن جائے گی۔

مزید خبریں :